لاہور ،اسلام آباد (جنرل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ)ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگا، پانچ روزہ مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران تین کروڑ 96 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ۔ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد ہو گا۔ترجمان کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 99 لاکھ ،سندھ 92 لاکھ سے زائد،اسلام آباد ساڑھے تین لاکھ، خیبرپختونخوا 67 لاکھ، آزادکشمیر 6 لاکھ 69 ہزار، گلگت بلتستان 2 لاکھ 39 ہزار ، بلوچستان میں ساڑھے 24 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے ۔قومی انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لیں گے ،26 ہزار384ایریا انچارج،8ہزار 434 یو سی میڈیکل آفیسرز بھی پولیو مہم کا حصہ ہونگے ۔ پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد نے کہا مہم کیلئے 44 ہزار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔پنجاب میں پولیو کیس 9 جبکہ ملک بھر میں 72 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔