لاہور ( رانا محمد عظیم) پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف مثالی ہی نہیں بلکہ لازوال بھی ہیں۔ کرپشن کے خاتمہ پر پاکستان اور سعودی عرب ایک پیج پر ہیں ۔سعودی عرب سمجھتا ہے مضبوط پاکستان سے سعودی عرب مضبوط ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے روزنامہ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے جس طرح سعودی عرب کے اندر کرپشن کیخلاف سخت اقدمات کئے اور جس طرح سعودی عرب کو بحران سے نکالا ،اسی طرح پاکستان کی مدد کر کے پاکستان کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے سعودی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کے اندر سعودی تاجر اور سعودی حکومت بڑے پیمانے پر مزید انویسٹمنٹ کرے گی یہاں مزید انڈسٹری لگائی جائے گی۔ پاکستان کے معاشی حالات کو بہتر بنانا سعودی ولی عہد کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ سعودی سفیر نے کہا پاکستان پر آنے والی ہر آفت سعودی اپنے اوپر آفت سمجھتے ہیں ۔اسلئے ہر سعودی پاکستان کے ہر برے وقت میں ساتھ کھڑا ہوتا ہے ۔اس وقت پوری دنیا میں جو حالات ہیں ان کو اگر دیکھا جائے تو پاکستان کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے ۔ سعودی حکومت نے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کیلئے بہترین سہولتیں دے رکھی ہیں اور مزید دے رہی ہے ۔