لاہور( نیٹ نیوز) اداکارہ بشریٰ انصاری نے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی پولیس کی عزت کریں۔بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پرلاہور موٹروے پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ ویڈیو شیئر کی ، جس میں وہ روڈ سیفٹی سے متعلق انتہائی اہم پیغام دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ بشریٰ انصاری نے ویڈیو میں کہا کہ انہوں نے پہلی بار موٹر وے دیکھی اور یہ بہت شرمندگی کی بات ہے کہ میں پاکستان میں رہتے ہوئے کبھی موٹروے پر نہیں آئی، پولیس اہلکاروں نے مجھے بہت محبت دی ، یہ لوگ اپنے فرائض کی ادائیگی بہت اچھی طرح کررہے ہیں اور میرے ذریعے یہ لوگوں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں،سب سے بنیادی چیز آپ کی جان بہت اہم ہے اور دوسروں کی جان بھی آپ کے لیے بہت اہم ہونی چاہئے ، لہذا سفر کرتے ہوئے ہمیشہ سیٹ بیلٹ لگائیں اور ہیڈ الائٹس زیادہ نہ جلائیں اس کے علاوہ اوورٹیک نہ کریں۔