فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ انصاف کے نام پر شریف خاندان کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،فاٹا انضمام موجودہ حکومت کا نمایاں کارنامہ ہے ‘ آج تک آنے والی حکومتیں طفل تسلیاں اور جھوٹے وعدوں سے فاٹا کے لوگوں کا دل بہلاتے رہے مگر یہ نیک کام بھی موجودہ حکومت کے ہاتھوں کروا دیا‘ یہ ہماری حکومت اور قائد میاں محمد نواز شریف کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے انرجی چودھری عابد شیرعلی ‘ ایم پی اے میاں طاہر جمیل، اویس تاج رحمانی‘ باؤ رحمانی کی رہائش گاہ ایوب کالونی میں افطار ڈنر کے شرکاء سے کیا ‘ انہوں نے کہا کہ اب فاٹا علاقہ غیر نہیں بلکہ پاکستان کا حصہ ہے ‘ اب یہاں کسی انفرادی شخص کا قانون نہیں چلے گا بلکہ آئین پاکستان لاگو ہو گا‘ اب یہاں بھی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔