لاہور (سپورٹس رپورٹر ) ملکی تاریخ میں پہلی بار کبڈی کی ورلڈ چیمپئین بننے والی قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور میں استقبالیہ، کبڈی کھلاڑیوں کا بگیوں اور ڈھول کی تھاپ پر شاندار تاریخی استقبال، کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپے کیش انعامات اور روایتی پگ پہنائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے کبڈی ٹیم کے اعزاز میں دئیے جانے والے استقبالیہ میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی، وزیر اعظم کے ترجمان برائے تجارت و سرمایہ کاری یورپ صاحبزادہ جہانگی بھی موجود تھے ۔گورنر ہاؤس آ مد پر تمام کھلاڑیوں کا شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا۔اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ الحمد اﷲ صرف کھیل کے میدان ہی نہیں ہر شعبہ میں پاکستان کامیابیوں سے دنیا میں اپنا مقام حاصل کر رہا ہے ۔کبڈی ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈ چیمپیئن کا اعزاز پاکستان کے نام کر کے یقینی طور پر نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔وفاقی و پنجاب حکومت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔انشا اﷲ ہر میدان میں پاکستانی نوجوان ملک کا نام اسی طرح روشن کرتے رہیں گے ۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے کہا کہ کبڈی ورلڈکپ کی وجہ سے آ ج ملک کے کونے کونے میں کبڈی پر بات ہو رہی ہے آ نیوالے ورلڈکپ میں بھی پاکستانی کبڈی ٹیم اسی طرح کامیابی حاصل کرے گی۔کبڈی چیمپئن ٹیم کے کپتان عرفان جٹ اور مانا پہلوان نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے کبڈی کے ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دی ہے اور پاکستان ی عوام نے اس کامیابی پر ہمیں جو اعتماد اور حوصلہ دیا اس سے تمام کھلاڑی مزید مضبوط ہوئے ہیں ۔