اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، 92نیوزرپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات وچیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے خنجراب سے اسلام آباد تک نئی آپٹیکل کیبل آپریشنلائز کر دی گئی ہے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا دوسرے مرحلے میں اسلام آباد سے کراچی اور گوادر تک کیبلز بچھائی جائینگی، آپٹیکل کیبلز کا کام ڈیجیٹل ہائی وے پلان کے تحت کیا جا رہا ہے ، چین کے تعاون سے آئی ٹی انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا سی پیک سے پاکستان اور خطے میں خوشحالی آئیگی،سی پیک کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ،سی پیک کے فیز ون منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ، فیز ٹو میں نئے ریلوے ٹریک بنائے جائیں گے جس سے ریلوے کی کارکردگی اور رفتار میں تیزی آئیگی۔