کراچی،لاہور (این این آئی،اپنے نیوز رپورٹر سے ) نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے ایک اور بیٹے سمیت مزید تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں انور مجید کا بیٹا ذوالقرنین مجید، انور مجید کا قریبی عزیز خواجہ سلمان یونس اور اومنی گروپ کا پراجیکٹ ڈائریکٹر ملک عبدالوحید شامل ہیں۔ نیب نے تینوں ملزمان کو احتساب عدالت کراچی میں پیش کیا جس پر عدالت نے ان کو 4 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرکے چار روز کے اندر متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ذوالقرنین مجید نے نیب پر تشدد کا الزام لگایا جس پر عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذوالقرنین مجید کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیدیا،ملزمان سے نیب کی مشترکہ انوسٹی گیشن ٹیم تحقیقات کریگی، گرفتار ملزمان کو راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ ایف آئی اے عدالت لاہورکے سپیشل جج سینٹرل محمد رفیق نے انویسٹمنٹ کیس میں سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کو ملزم سابق چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کا مکمل طبی معائنہ کرانے کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی 29 جون تک ملتوی کر دی۔عدالت نے جیل انتظامیہ سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔