اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت قانون کو جج ارشد ملک کی جگہ احتساب عدالت نمبر2 میں قائم مقام جج کی تعیناتی کی سفارش کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کی ہدایت پر رجسٹرار آفس نے وزارت قانون و انصاف کو لکھے گئے خط میں کہا کہ احتساب عدالت نمبر 2 میں اہم مقدمات زیر سماعت ہیں جنہیں جاری رکھنے کے لئے فوری طور پر قائم مقام جج تعینات کیا جائے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خط میں جج کی تعیناتی تک احتساب عدالت نمبر 1 کے جج محمد بشیر کو احتساب عدالت نمبر 2 کا اضافی چارج دینے کی سفارش بھی کی ہے ۔ احتساب عدالت نمبر 2 میں جج کی تعیناتی تک احتساب عدالت نمبر 1 کے جج محمد بشیر بطور قائم مقام جج زیر سماعت ریفرنسز کی سماعت کریں گے ۔