پشاور(نیٹ نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے تعلق رکھنے والی لیڈی کمانڈو گل نثا کو اقوام متحدہ کے امن مشن کے لئے منتخب کرلیا گیا۔24 سالہ گل نثا کا تعلق ٹانک کے دورافتادہ قصبے ونڈہ زلو ہے جسے یواین مشن کے لئے کے پی پولیس کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوگا۔ گل نثا اپنے علاقے کی واحد خاتون ہیں جو پہلی بار اقوام متحدہ کے امن مشن میں جائیں گی ۔گل نثا نے خیبر پختونخوا پولیس کو 2012 میں جوائن کیا ، گل نثا سال 2015 میں ایلیٹ فورس کے دستے کا حصہ بنیں ۔ میڈیا سے سے بات چیت کرتے ہوئے گل نثا کا کہنا تھا کہ میری پچپن سے خواہش تھی کہ پولیس کو جوائن کروں، جس کے لئے میں نے تعلیم حاصل کی اور دن رات محنت کر کے اس مقام پر پہنچی، اقوام متحدہ کے مشن پر منتخب ہونے کے لئے میں نے پہلے مقابلے کا امتحان پاس کیا، پھر شوٹنگ مقابلے میں بھی مجھے کامیابی ملی جبکہ ڈرائیونگ میں بھی مجھے یو این ٹیم نے سلیکٹ کر لیا، مجھے فخر ہے کہ ٹانک کی بیٹی اقوام متحدہ میں ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔