لاہور(احتشام الحق) دورہ انگلینڈ پر گئی قومی کرکٹ ٹیم کا چار روزہ ٹریننگ کے بعد گزشتہ روز پہلا انٹر سکواڈ دو روزہ میچ شروع ہو گیا، اس ٹارگٹ میچ میں بلے بازوں کے پیئر بنا کر انہیں بیٹنگ کرائی گئی جبکہ پانچ باؤلروں نے دن میں نوے اوورز کرائے ۔ پہلا دو روزہ میچ ووسٹر میں مقامی وقت کے مطابق گیارہ بجے شروع ہوا جس کے لئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے حکمت عملی کے مطابق پہلے روز باؤلنگ کے لئے پانچ باؤلرز کا گروپ بنایا جس میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل تھے اور انہوں نے مختلف سیشنز میں نوے اوورز مکمل کئے ۔دوسری جانب دن بھر بیٹسمینوں کے پیئرز بنا کر انہیں مختلف پوزیشنز میں کھلایا گیا۔پہلے سیشن میں اوپنر شان مسعود اور عابد علی کو کھیلنے کا موقع دیا گیا جس کے بعد کپتان اظہر علی، بابر اعظم اور اسد شفیق نے بیٹنگ کی، آج دوسرے روز سکواڈ میں شامل پانچ باؤلرز کا دوسرا گروپ باؤلنگ کرے گا۔ ٹیم ترجمان کے مطابق دوسرے گروپ میں ووسٹر پہنچنے والے محمد حفیظ سمیت چھ کھلاڑیوں نے بھی انفرادی ٹریننگ کی لیکن وہ میچ کا حصہ نہیں تھے ۔