لیڈز (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ نے بھارت کو تین میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1سے اپنے نام کرلی۔لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔مشکل وکٹ پر بھارت کو ابتداء میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 13 رنز پر اس کی پہلی وکٹ بھی گرگئی تاہم اگلی دونوں پارٹنرشپز نے انڈین اننگز کو سہارا دیا۔بھارت کی جانب کپتان ویرات کوہلی 71، شیکھردھون 44 اور مہندر سنگھ دھونی 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔اختتامی اوورز میں انگلینڈ کے بولرز کی نپی تلی گیند بازی کی بدولت بھارت اپنے مقررہ اوورز میں صرف 256 رنز ہی بناسکا۔جواب میں انگلینڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف محض 44ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ کپتان اوئن مورگن 88 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔تین وکٹیں حاصل کرنے پر عادل رشید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔