برمنگھم(سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن کو انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے سیمی فائنل میں 8 وکٹوں سے شکست۔پاکستان میگا ایونٹ میں دونوں کو شکست دے چکا ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔انگلینڈ نے 27 سال بعد ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 224 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 32 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے 85 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈکپ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 224رنز کاہدف دیا ۔ایجبیسٹن گرائونڈ،برمنگھم میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور صرف 4 رنز پر وہ خود بغیر کھاتہ کھولے آرچر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،10 رنز پر ان فارم بیٹسمین ڈیوڈ وارنر ووکس کی گیند پر بیرسٹو کو کیچ دے بیٹھے ۔نئے آنے والے بیٹسمین پیٹر ہینڈسکومب کو ووکس نے صرف 4 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی،اس وقت ٹیم کا سکور صرف 14 رنز تھا۔ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سٹیو سمتھ اور ایلکس کیری نے ٹیم کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے سکور 117 تک پہنچایا، اس موقع پر کیرے 46 رنز بناکر عادل رشید کو وکٹ دے بیٹھے ،اسی اوور میں عادل رشید نے سٹوئنس کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھائی۔میکسویل اور سٹیو سمتھ نے چھٹی وکٹ کے لیے 39رنز جوڑے جس کے بعد میکسویل22رنز بنا کر آرچر کا شکار بنے ، پیٹ کمنز6رنز بنا کر عادل رشید کا شکار بنے ،سٹیو سمتھ85رنز کی عمد ہ باری کھیل کر بٹلر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے ،سٹارک بھی29رنز بنا کر سٹوکس کا تیسرا شکار بنے ۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم سیمی فائنل میں آٹھویں مرتبہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے اور اب تک 5 مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے ،انگلش ٹیم چار مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے لیکن 1992 ئمیں ایک طویل عرصے کے بعد انگلینڈ ٹیم اب فائنل میں پہنچی ہے ۔