لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب حالات نارمل ہو رہے ہیں، انگلینڈ کی اگلی غیر ملکی سیریز 2022 ء میں ہے ، انگلش ٹیم کو پاکستان کا اب دورہ کرنا چاہیے ۔ احسان مانی ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کا مقصد سوائے کرکٹ کی بحالی کے اور کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میدانوں کا آباد ہونا چیلنجنگ تھا اور ان کی کوشش یہی تھی کہ سکیور ماحول میں دورہ ہوجائے ۔پی سی بی چیئر مین نے کہاکہ اب پاکستان میں سکیورٹی حالات نارمل ہوچکے ہیں۔ ، وہ خود اور ان کی اہلیہ اسلام آباد کی سڑکوں پر آرام سے سفر کرتے ہیں، انہیں کبھی گارڈ یا سیکیورٹی آفیسر کی ضرورت نہیں پڑی ۔احسان مانی نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی ملک کو رسک فری قرار نہیں دیا جاسکتا ، تاہم اب کوئی ایسی وجہ نہیں ہے جس کو بنیاد بنا کر انگلینڈ پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کرے ۔