اسلام آباد،لاہور،ڈیرہ غازیخان(وقائع نگار خصوصی،وقائع نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے منتخب نمائندوں کو چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی پر بھر پور اعتماد ہے اور ہمیں قوی یقین ہے کہ چیئرمین سینٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔ پیر کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل جمہوریت میں پوشیدہ ہے اور جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چیئرمین سینٹ کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں ، سماجی ترقی کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ایوان بالاء صوبائی اکائیوں کی ترقی اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھر پور کوشاں ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے منتخب نمائندوں کو چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی پر بھر پور اعتماد ہے اور ہمیں قوی یقین ہے کہ چیئرمین سینٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب اسلام آباد سے گزشتہ سہ پہر اچانک دورے پر ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان شہرکے مختلف علاقوں میں صفائی اوردیگر امور کا جائزہ لیا اور پھر کمشنرڈی جی خان آفس پہنچ گئے اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی ہنگامی دورے کر کے صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں عوام کو میسر سہولتوں کا جا ئزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کام نہ کرنے والے افسروں اوراہلکاروں کی گنجائش نہیں،عہدے خود چھوڑ دیں۔ریونیو میں تین سال سے ایک ہی جگہ تعینات ملازمین کو تبدیل کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیرکا نوٹس،رکاوٹیں دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈیرہ غازی خان اورفورٹ منرو کے علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات بہتر بنائے جائیں۔تونسہ میں چار سو کینال پر سمال انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام علاقے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔اجلاس میں کوہ سلیمان میں ٹورسٹ فیسٹول کے انتظامات،ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال اورتونسہ میں پناہ گاہوں کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیاگیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن ہولڈرزطلبا و طالبات ،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبا و طالبات پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ حکومت ذہین طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے باٹا پور میں زیادتی کے بعد 10 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقتول بچے کے خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مقتول بچے کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔