لاہور(اشرف مجید) پنجاب حکومت کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو چلانے ،سکیورٹی اور دیکھ بھال کے تین ٹھیکے بغیر کنٹریکٹ سائن کئے فائنل کردیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو چلانے اور اسکی دیکھ بال کرنے والی کمپنیوں کا ٹھیکہ فائنل کرنے کے بعد اب سکیورٹی کا ٹھیکہ سکیورٹی 2000پرائیویٹ لمیٹڈ کو 2کروڑ 33لاکھ 10ہزار روپے ماہانہ پر دے دیا گیا ہے ،جبکہ آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم (AFC)کا ٹھیکہ انفوٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو ایک کروڑ79لاکھ84ہزار 281روپے ماہانہ میں فائنل کیا گیا ہے ،ان تینوں اور بڑ ے ٹینڈر لینے والی کمپنیوں کے ساتھ تا حال کنٹریکٹ سائن نہیں کیا گیا ہے ۔پنجاب حکومت نے متعلقہ کمپنیوں کے اعتراضات سننے والی حکومتی کمیٹی کے اراکین کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ دو روز کے اندر اعتراضات پر فیصلہ جاری کریں تا کہ بورڈ کی میٹنگ میں متعلقہ کمپنیوں کو باقاعدہ منظوری دے کر انکے ساتھ کنٹریکٹ سائن کیا جائے تا کہ مارچ تک اورنج لائن میٹرو ٹرین کو عوام کے لئے باقاعدہ شروع کیا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کی سکیورٹی کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی سکیورٹی 2000پہلے بھی میٹرو بس سسٹم پر سکیورٹی کا کام کر رہی ہے اور اس ٹھیکہ میں چار کمپنیوں نے حصہ لیا جس میں سے سب سے کم بڈ جمع کروانے پر اس کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹھیکہ 2کروڑ 34لاکھ 60ہزار روپے میں حاصل کیا گیا تھا جس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ایک لاکھ 50ہزار روپے مذید کم کروا کر انہیں ٹھیکہ دیا ہے ۔اس سے قبل ٹرین کو چلانے اور دیکھ بار کا ٹھیکہ نورینکو اور ڈائیوو کمپنی نے مشترکہ طور پر 43کروڑ 26لاکھ68ہزار روپے ماہانہ میں حاصل کر رکھا ہے ۔ذرائع کے مطابق جب تک تینوں کمپنیوں سے کنٹریکٹ سائن نہیں ہونگے اس وقت تک اورنج لائن میٹرو ٹرین کو مستقل بنیادوں پر نہیں چلایا جا سکتا ہے اور کنٹریکٹ سائن میں تاخیر کی صورت میں پراجیکٹ میں بھی مزید تاخیر ہوگی ۔