لاہور ،ملتان(اپنے خبر نگار سے ،سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس بے لگام ہوگئے پنجا ب بھر میں سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈیز میں کام چھوڑدیا ایمرجنسی میں بھی کام بند کرنے کی دھمکیاں دینا شروع کردیں سینکڑوں آپریشن بھی ملتوی کردیئے گئے ۔لاہورمیں میواور گنگار ام سمیت سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال9ویں روز بھی جاری رہی ،ڈاکٹروں نے جناح ہسپتال کے سامنے سڑک بند کردی،ملتان میں نشتر ، چلڈرن ہسپتال میں مریضوں دہائیاں دیتے رہے ،گجرات میں ہڑتالی ڈاکٹرزاور نرسوں کی فہرستوں کی تیاری شروع کردی گئی ہے ۔لاہور سے اپنے خبرنگار سے کے مطابق سروسز ہسپتال ، جنرل ہسپتال ، شیخ زید ہسپتال ،جناح ہسپتال ، میو ہسپتال اور گنگارام میں بھی عملے نے او پی ڈیز میں کام بند کیا ہوا ہے ۔ ہسپتالوں میں آپریشنز منسوخ، لیبارٹریز اور پیتھالوجی سنٹر بھی بند رہے ، ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس سٹاف ڈیوٹیوں سے غائب رہے ،گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی بل اسمبلی میں منظور ہوا تو ہسپتال وں کی ایمرجنسی، انڈور بھی بند کردی جائے گی۔ملتان سے سٹاف رپورٹر کے مطابق نشتر ہسپتال میں آوٹ ڈور ،آپریشن تھیٹر،ریڈیالوجی اور پتھالوجی سنٹر میں مریض خوار ہوتے رہے جبکہ نشتر ہسپتال انتظامیہ ہڑتال رکوانے میں ناکام نظر آئی بیشتر آپریشن لسٹیں گزشتہ روز بھی منسوخ کر دی گئیں ، ایپکا تنظیموں نے بھی ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف آوٹ ڈور بند کرانے کے بعد بھرپور احتجاجی مظاہرہ بھی کیا،معائنہ کروانے اور انسولین لینے کے لئے آئے بزرگ مریض،خواتین نوجوان اور بچے خوار ہوتے رہے ، مریضوں کا کہنا تھا کیسی تبدیلی ہے جہاں غریبوں کو علاج تک میسر نہیں ہے ۔مزیدبراں ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق گجرات سمیت پنجاب بھر میں ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسوں کی فہرستیں تیار ہونا شروع ہو گئیں،آپریشن تھیٹرز بند کرنے میں پیش پیش ڈاکٹرز اور نرسوں کو سرکاری نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پنجاب نرسنگ نے ضلع گجرات کی ہڑتال میں شامل نرسوں کی فہرستیں مانگ لی ،آئندہ تین روز میں ڈاکٹرزگرفتاریاہڑتال ختم ہونے کا امکان ہے ۔