لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن تعمیر کے باعث صاف پانی اور سیوریج بندش کے خلاف درخواست پر صاف پانی اور سیوریج بندش کے مقامات اور ذمہ داروں کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اچھی کارکردگی پر عدالت کی چیف سیکرٹری آفس کے فوکل پرسن احمد حسن کو شاباشی دی۔چیف سیکرٹری افس کی جانب سے ایری گیشن اراضی جبکہ سوسائیٹیز اور عمارتوں کے ناجائز قبضوں کی رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کتنے علاقے میں صاف پانی اور سیوریج کا مسئلہ ہے ،اس پر فوکل پرسن نے بتایا کہ دو کلومیٹر کے علاقے میں مسائل درپیش ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مسئلے کا حل کیا ہے ۔ واسا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پہلے تجاوزات ہٹائی جائیں گی پھر مسئلہ حل ہو جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ یہ تو کوئی حل نہیں ہے ۔کوئی حکم جاری کرنے سے پہلے بتایا جائے کہاں کہاں پر بندش ہے ۔ہمارا مقصد ہے کہ لوگوں کو پینے کے لیے صاف پانی مہیا ہو۔واسا تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ میٹنگ کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرے ۔