لاہور(اشرف مجید)پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو ابتدائی طور پر 12گھنٹے چلانے کا فیصلہ کیا ہے ،ٹرین علی ٹاون اور ڈیرہ گجراں دونوں اطراف سے ہر پانچ منٹ بعد چلائی جائے گی،22ٹرینوں کا فلیٹ ایک گھنٹہ میں20ہزار سے زائد مسافروں کو سہولیات فراہم کرے گا ،ذرائع کے مطابق سی پیک پراجیکٹ کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین چلانے کے حوالے سے مزید اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم باجوہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ ملاقات کے بعد پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو چلانے کے حوالے سے ابتدائی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں 27ٹرینوں کے فلیٹ میں22ٹرینیں ابتدائی طور پر چلائی جائیں گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر اورنج لائن ٹرین آپریشن 12گھنٹے کے لئے صبح 7سے شام 7بجے تک چلایا جائے گا جس کا وقت بعد ازاں مسافروں کی صورت حال دیکھ کرصبح6سے رات10بجے تک بڑھادیا جائے گا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ٹرین میں ایک ہزار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ایک ٹرین پانچ بوگیوں پر مشتمل ہے اور ہر بوگی میں 200مسافر بیٹھ سکیں گے ،اس حوالے سے تمام سٹاف کی ٹریننگ کا عمل میں مکمل کر لیا گیا ۔