لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر مراد راس نے کہاہے کہ شہبازشریف نے اورنج ٹرین کاافتتاح جلد بازی میں کیا ہے ، 26 اسٹیشن میں سے ابھی 4 اسٹیشن مکمل ہوئے ہیں، اورنج ٹرین منصوبہ اڑھائی سال سے پہلے مکمل نہیں ہو سکے گا اورنج ٹرین کے لئے پنجاب یونیورسٹی میں پاورپروجیکٹ لگنا تھا جو اسٹے کے باعث ابھی تک شروع نہیں ہو سکا، شہبازشریف نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کے لئے اورنج ٹرین کو ڈیزل پر چلایا ہے ، اورنج ٹرین کے لئے چین سے 162 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا گیا ہے جس پر سود کی مد میں ہر سال چین کو10 ارب ادا کرنے پڑیں گے ۔چیئرمین سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی میگا پروجیکٹ صرف اپنے اور ساتھیوں کی کرپشن کیلئے لگاتے ہیں،اس موقع پر سینئر پارٹی رہنما ثنیہ ساجد اور منصور خان بھی موجود تھے ،مراد راس نے کہا کہ ا ورنج ٹرین کے لئے 6 سوسے زائد درخت کاٹے گئے جس سے لاہور میں پلوشن میں اضافہ ہواہے ، اورنچ کے لئے 26 اسٹیشنوں میں سے صرف 4 اسٹیشن مکمل ہوئے ہیں اور 10 اسٹیشن کا ابھی ڈھانچہ کھڑا ہوا ہے ، شہبازشریف نے اورنج ٹرین کا افتتاح کر کے سیاسی چال چلی ہے ۔