نیویارک(نیٹ نیوز) زمین والوں اور خود زمین کیلئے یہ ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ہمارے سروں پر حفاظتی چھتری یعنی اوزون کی چادر تیزی کے ساتھ بہتر ہورہی ہے ، توقع ہے کہ 2060ء تک اس تہہ میں موجود سوراخ مکمل طور پر بھر جائے گا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ نے اوزون کو تباہ کرنے والے زمینی کیمیکلز پر تیس سال قبل مکمل پابندی عائد کردی تھی ۔ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے 1989ء میں مانٹریال پروٹوکول کے تحت اوزون دشمن مصنوعات اور کیمیکلز پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور اس کے بعد اوزون کی سطح بحال ہونا شروع ہوگئی ،تاہم اس کی مکمل بحالی میں ابھی کچھ وقت درکار ہے اور 2060ء تک اوزون کی چاک چادر گویا مکمل طور پر بحال ہوجائے گی۔زمین سے 20 سے 30 کلومیٹر کی بلندی پر واقع اوزون کی سطح سورج سے آنے والی خطرناک بالائے بنفشی (الٹرا وائلٹ شعاعوں) کو جذب کرتی ہے اور اگر یہ شعاعیں براہِ راست زمین تک پہنچ جائیں تو سرطان سمیت کئی امراض اور پریشانیوں کی وجہ بن سکتی ہیں۔2018ء کی سائنسی رپورٹ کے مطابق 2000ء کے بعد سے ہر سال اوزون کی ایک سے تین فیصد مقدار فی سال بحال ہوتی جارہی ہے اور اب کئی مقامات پر اوزون کی تہہ بہتر ہوچکی ہے اور اس کے سوراخ بھر رہے ہیں۔