لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ میں اولیائے اﷲ ؒکے مزارات سرچشمہ ہدایات ہیں۔اور میں حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر انوار کا جھاڑو کش ہوں۔ اس لئے امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار میں شامل ممبران بھی نیک نیتی سے زائرین کی خدمت اور انہیں ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی سے کام کریں گے ۔وزیر اعلی پنجاب نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے ۔رواں سال 976ویں سالانہ عرس کے موقع پر تمام معاملات کو بہتر انداز سے سر انجام پہنچانے کے لئے چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی خود متحرک ہیں، اور کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جو محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی معاون و مدد گار ثابت ہوں گی۔عرس کے دنوں میں لنگر اور دودھ کے معیار کے سختی سے چیکنگ بھی کی جائے گی اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی کو پابندکیا جائے گا۔ عرس کے دوران کسی بھی محکمہ کی طرف سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔