کراچی (سٹاف رپورٹر) اومنی گروپ اوربینکوں کے مابین سیٹلمنٹ ناکام ہوگئی،بینکنگ کورٹ نے اومنی گروپ کیخلاف درجن سے زائد درخواستیں بحال کرتے ہوئے سربراہ انورمجید سمیت دیگرملزمان کو طلب کرلیا۔کراچی کی بینکنگ کورٹ میں اومنی گروپ کی شوگرملزسے اربوں روپے کی چینی غائب ہونے سے متعلق سمٹ بینک،سندھ بینک اورنیشنل بینک نے کرمنل کمپلینٹس بحال کرنیکی درخواستوں پرنجی بینکوں کے وکلانے مؤقف اختیارکیا اومنی گروپ واجبات ادا کرنے کوتیارنہیں،جن شرائط پراومنی گروپ واجبات ادا کررہا ہے وہ قابل قبول نہیں،شوگرملزکے چیف ایگزیکٹو افسران اورڈائریکٹرزکیخلاف کارروائی کی جائے ،بینک شیورٹی کیلئے رکھا گیا چینی کاسٹاک غائب کیا گیا،بینکوں کوبتائے بغیرمطلوبہ سٹاک غائب کرنا جرم ہے ۔عدالت نے اومنی گروپ کے سربراہ انورمجید سمیت دیگرملزمان کو ہفتہ کو طلب کرلیا جبکہ عبدالغنی مجید کی اڈیالہ جیل سے طلبی کیلئے سمن جاری کردیئے ۔دیگرملزمان میں علی کمال مجید،مصطفی ذوالقرنین مجید،صائمہ مجید، منہال مجید،نمرمجید سمیت دیگرشامل ہیں،مختلف بینکوں نے اومنی گروپ کی شوگرملزکیخلاف درجن سے زائد کرمنل کمپلینٹس دائرکررکھی تھیں،عدالت نے فریقین کی سیٹلمنٹ تک کرمنل شکایت پرکارروائی روک رکھی تھی۔