کراچی (کامرس رپورٹر) انٹربینک مارکیٹ میں منگل کوروپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مزید23پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خریدمیں50پیسے کااضافہ ہوا لیکن قیمت فروخت میں استحکام رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 23پیسے کااضافہ ریکارڈ کیاگیاجس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید159.90روپے سے بڑھ کر160.13روپے اورقیمت فروخت 160.00روپے سے بڑھ کر160.23روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خریدمیں50پیسے کااضافہ ہوا جس سے امریکی ڈالر کی قیمت خرید159.50روپے سے بڑھ کر160.00روپے ہوگئی جب کہ قیمت فروخت160.50روپے پرمستحکم رہی ۔ دریں اثنا مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا1200روپے مزید مہنگاہوکرملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں1200روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں1028روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت82600روپے سے بڑھ کر83800روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 70800روپے سے بڑھ کر71828روپے کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔