اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی شوکت اللہ بھٹی، فیض اللہ کموکہ، صوبیہ کمال ، نوشین حامد، ملیکہ بخاری، رخسانہ نوید، تاشفین صفدر، عظمی ریاض اور منورہ بی بی شامل تھے ۔ ارکان نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے تدارک کے حوالے سے قرارداد منظور ہونے پر مبارکباد دی اور وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے سنٹرل بزنسن ڈسٹرکٹ( سی بی ڈی ) اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر یو ڈی اے ) کے منصوبوں پرپیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا گرین ایریاز کو رہائشی اور تجارتی علاقوں میں بدلنے اور بغیر منصوبہ بندی اور غیر منظم شہری پھیلائو سے فوڈسکیورٹی متاثر ہو گی، پنجاب حکومت سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں قائم غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کارروائی کرے ۔انہوں نے تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی منصوبوں میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ وزیراعظم سے کمانڈر نیشنل گارڈ بحرین جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلفیہ نے ملاقات کی اور بحرینی قیادت کاتہنیتی پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں، متنوع اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر نے پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اقوام متحدہ میں تاریخی قرارداد کی منظوری پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کہا وہ بحرینی قیادت کے دورہ کے منتظر ہیں۔وزیراعظم نے جنوبی کو ریا کے نومنتخب صدر کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا وہ یون سوک یول کو جمہوریہ کوریا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کوآسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ورلڈ کلاس بلے بازی،کیپٹن اننگز کھیلنے اور ٹیم کو میچ میں فائٹ بیک کرنے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا بدقسمتی سے میں ایک اور محاذ پر میچ فکسنگ کیخلاف لڑنے کی وجہ سے میچ نہیں دیکھ سکا، اس محاذ پر میرے کھلاڑیوں کو لالچ دینے کیلئے بھاری رقم استعمال کی جا رہی ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے رضوان اور عبداللہ شفیق سمیت پوری ٹیم کو بہترین مقابلہ کرنے پر مبارکباد دی ۔