نیویارک(نیٹ نیوز)مقبول ترین امریکی ٹی وی شو کی میزبان ا ور اداکارہ اوپرا ونفرے نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے ایک کروڑ(10ملین)ڈالر کی رقم عطیہ کردی ہے ۔امریکہ کی امیر ترین اور بااثر خاتون اوپرا ونفرے نے رقم عطیہ کرنے کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔انہوں نے کہا میں رقم اس لئے عطیہ کر رہی ہوں تاکہ عالمی وبا کے دوران ملک بھر اور وہ علاقے جہاں میں بڑی ہوئی ہوں،وہاں امریکیوں کی مدد کی جا سکے ۔66 سالہ اوپرا ونفرے مسی سیپی میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اب وہ ان تمام ارب پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے کروڑوں کی رقم عطیہ کی ہے ۔ اوپرا ونفرے نے یہ رقم ایک نئے اقدام ’امریکہ فوڈ فنڈز‘ کے تحت دی ہے جو ایپل کمپنی، دی فورڈ فاؤنڈیشن، کارین پاول جابز اور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے مل کر مقامی لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شروع کیا ہے ۔اوپرا ونفرے نے کہایہ سب ادارے اور لوگ بہترین کام کررہے ہیں،مجھے پتہ ہے ایک ایسے وقت میں کہ جب لوگ کورونا سے بچنے کیلئے گھروں میں ہیں،بہت سے افراد ہماری مدد کے منتظر ہیں۔