ؒٓؒٓلاہور(سپورٹس ڈیسک)اوپنر عابد علی نے ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر دستک دے دی ۔عابد علی نے پاکستان اے ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے یواے ای میں آسٹریلیا کے خلاف دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکورکیں ۔اوپنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف چارروزہ میچزکی سیریز میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکورکی اوربڑی کرکٹ کیلئے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا ۔عابد علی ڈومیسٹک کرکٹ کے تجربہ کار بلے باز ہیں ۔وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 31نصف سنچریوں اور 15سنچریوں کی مدد سے چھ ہزار سے زائد اسکور کرچکے ہیں ۔عابد علی گزشتہ چار پانچ ڈومیسٹک سیزن سے لگاتار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انکی اسی کارکردگی کی بنا پرقومی سلیکٹرز کی عقابی نظر نے انہیں پاکستان اے ٹیم میں منتخب کیا ،جہاں انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کیا ۔عابد علی نے کہا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز نے ان پر بہت محنت کی ۔وہیں پر ان کی صلاحیتوں میں نکھا رپیدا ہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ کیمپس کے دوران این سی اے کے ڈائریکٹر مدثر نذر، کوچ منصور رانا اور سابق ہیڈ کوچ مشتاق احمدنے بھی بہت مدد کی ۔عابد علی پرامید ہیں کہ وہ پاکستان کے لئے ضرور ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے کیونکہ یہی ان خواب ہے ۔