اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 80لاکھ کشمیری بھارتی استبدادسے نجات کیلئے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی توجہ کے منتظر ہیں، او آئی سی کو صورتحال کا نوٹس لینے اور موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف بن احمدسے ٹیلیفونک رابطہ کیا،دونوں رہنماؤں نے کورونا روکنے کیلئے او آئی سی کے اقدامات اور اس وبا کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں 8 ماہ سے جاری مسلسل کرفیو کے باعث ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی مشکلات کا سامناہے ، اسلئے عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری سٹرکچر کرنیکی تجویز دی ۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج کے پیش نظر اسلامی ترقیاتی بینک او آئی سی کی مالی معاونت کیلئے اقدامات کررہا ہے ۔ دریں اثناوزیر خارجہ کی زیرصدارت اجلاس میں دوسرے ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی مرحلہ وارواپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ،معاون خصوصی برائے اورسیز ذوالفقار بخاری،معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈاکٹر معید یوسف،سیکرٹری خارجہ سہیل محمودنے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 4 اپریل کو بین الاقوامی فلائٹس کی ممکنہ بحالی کے بعد کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔