اورکزئی،کوئٹہ (نمائندہ92نیوز،این این آئی)اپر اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں داعش کمانڈر ایوبی عرف کاکا ہلاک ہوگیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق داعش کمانڈر اسلام کی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کے بعد ایوبی عرف کاکا کو ضلع اورکزئی اور کرم کا نیا داعش کمانڈر مقرر کیاگیاتھا۔دوسری جانب ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ دشت گوران میں شمسر روڈ کے مقام پر موٹرسائیکل سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا ، فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے ،دوسری جانب کوہلو میں ایف سی میوند رائفل نے خفیہ اطلاع پر تحصیل کاہان میں تخریب کاروں کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے جس میں گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد شامل ہیں ایف سی حکام کے مطابق اسلحہ تخریب کاری کے لئے استعمال ہونا تھا ۔