لاہور(پ ر ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور شفاف کردار کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی عزت اور اہمیت میں اضافہ ہواہے ،اپوزیشن کو ملک اور عوام کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن کا درد ہے ،پانچ سال بعد بہترین معاشی دور ہوگا اور قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافے کی بجائے کمی ہو گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں اور صنعتکاروں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کے نتیجے میں معاشی اشاریے بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان کو معلوم ہے کہ گروتھ پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے سے ہونی ہے اس لئے ان شعبوں کو مراعات اور سہولیات دی جارہی ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان سوشل سیفٹی نیٹ پر یقین رکھتے ہیں اور اسی لئے غریب طبقات کیلئے 180ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔غریب طبقے کو بجلی اور گیس کی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کیلئے سبسڈی کی مد میں 54ارب روپے مختص ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دہائیوں سے ملک کرپشن میں جکڑا ہوا تھا اور عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے اپنی جدوجہد سے کرپشن کرنے والوں کی پارٹنر شپ کو توڑا ہے ۔