لاہور،ڈیرہ غازیخان(کامرس رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم"اپنا گھر اپنی چھت" وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم بڑھا چکے ، لاکھوں خاندان اپنے گھر کے خواب کی تعبیر دیکھ سکیں گے ۔50لاکھ گھروں کا خواب حقیقت میں بدل رہاہے ۔سرگودھا کے گاؤں چک نمبر39 این بی میں پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اس وعدے کی تکمیل کی طرف واضح قدم ہے ۔پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کی 146 تحصیلوں میں 133 مقامات پر گھر بنائے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں مختلف شہروں کے 32مقامات میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے 10 ہزار سے زائدگھر بنائے جا رہے ہیں ۔سرگو دھا میں 6 مقامات پر تین 3 مرلے کے 1175 گھرکم آمدن والے لوگوں کیلئے بنائے جائیں گے ۔ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریباً14لاکھ روپے ہے ۔3مرلے کا پلاٹ صرف 30ہزار روپے میں دیا گیا ہے جس کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں میں ہے ۔حکومت ہر گھر کیلئے 3لاکھ روپے سبسڈی او رکم سود پر قرضہ فراہم کرے گی۔ پنجاب بینک ہر گھر کی کنسٹرکشن کیلئے تقریباً 10لاکھ روپے قرض ماہانہ قسط 10ہزار روپے فراہم کرے گا۔بینک آف پنجاب مجموعی طورپر 10ہزار گھروں کے لئے 10ارب روپے فراہم کررہاہے ۔کابینہ اس پراجیکٹ کے 32مقامات کیلئے انفراسٹرکچر وغیرہ بنانے کیلئے 3ارب روپے کی منظوری دے چکی ۔ مائیکر وفنانسنگ کرنے والے اداروں کے ذریعے گھر بنانے کیلئے کوئی بھی شہری 10لاکھ روپے قرض حاصل کرسکے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے ان کے مشیر حنیف خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بتایا کہ جلد ریلوے سٹیشن کی بحالی اور اپگریڈیشن کی با قاعدہ منظوری ہو گی۔سٹی روڈ پیکیج کے حوالے سے بھی سروے کی بھی منظوری دی جاچکی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے آئی سی سی ون ڈے ریکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر قومی کپتان بابراعظم کو مبارکباددی ۔بعدازاں انہوں نے اداکارسہیل احمدکے بھائی پروفیسر جنید اکرم اور سینئر ہدایت کار ایس سلیمان کے انتقال پر سوگورار خاندان سے اظہار ہمدردی اورمرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ۔