مکرمی ! عصر حاضر کے مسائل میں ایک بہت بڑا مسئلہ "اولاد کی تربیت کا ہے"۔ اگر اولاد کی تربیت صحیح نہج پر کر دی جائے تو یہ دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی نیک نامی کا ذریعہ بنے گی۔ سب سے پہلی چیز "لباس" ہے۔ بچوں کی تربیت میں لباس کا بنیادی کردار ہے۔ لباس موسم کے مطابق ہو اور ایسا ہو جس سے اسلامی تشخص کا اظہار ہو۔ گھر میں لباس وغیرہ رکھنے کے لیے مستقل جگہ بنائیں۔ بچوں کی اچھی صحت کیلئے " مصنوعی غذا " سے بچائیں۔ مثلاً چپس، چاکلیٹ ، تلی ہوئی اشیائ، جنک فوڈ اور ڈبے کے جوسز وغیرہ۔۔ سبزیوں،موسمی پھل، تازہ گوشت، دودھ، کھجور، اور زیتون جیسی قدرتی غذا کھانے کی عادت ڈلوائیں۔ چوں کہ دور حاضر میں موبائل فون کا بے جا استعمال بہت زیادہ ہے اور کثرت استعمال سے بہت زیادہ نقصانات مرتب ہورہے ہیں۔ اس لیے موبائل کے استعمال سے بچائیں اور دوسری Activities مثلاً فٹ بال، کرکٹ وغیرہ کھیل کا عادی بنائیں۔ ان تمام اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے والدین اپنے بچوں کی تربیت کریں تو اولاد یقینا اپنے والدین کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک ثابت ہوگی۔(آصف اقبال انصاری، کراچی)