لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ عدلیہ آزادہے انکے ہر فیصلے پر مکمل عملددرآمد کیا جائیگا،اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے ایوان اقبال لاہور میں تکمیل پاکستان کے سیمینار ''کاش '' میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،گورنر پنجاب نے کہا کہ توقع ہے کہ جے یوآئی (ف) سڑکوں کی بندش کے ذریعے عوام کو مشکلات کا شکار کر نے کی پالیسی ختم کر ے گی، مسئلہ کشمیر پر ہم قومی امنگوں اورکشمیر یوں کی تر جمانی کر رہیں دنیا کو بھی کشمیر میں بھارت کی دہشت گردی کا نوٹس لینا ہوگا، افغانستان میں اگر دہشت گردی کو ختم کرنا ہے تو ہم سے رائے لیں ۔قبل ازیں سیمینا رسے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ نوجوان جب زندگی میں کچھ بھی کرنے کا فیصلہ کرلیتے ہیں تو پھروہ محنت کے ذریعے ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتے ہیں ،ملک کی مضبوطی کیلئے نوجوانوں کی مضبوطی بھی یقینی بنا رہے ہیں، ہم نے نوجوانوں کیساتھ جو بھی وعدے کیے ہیں انشاء اﷲ انکو پورا کیا جائیگا، کامیاب نوجوان پروگرام میں بھی مکمل شفافیات اور میرٹ ہوگا کسی کو سفار ش کے ذریعے ایک روپیہ بھی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔