لاہور،ساہیوال(وقائع نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بے مقصد احتجاج بے وقت کی راگنی۔احتجاجی عناصرترقی کاسفر روکنے کے درپے ہیں۔پی ڈی ایم والے عوام میں بری طرح ایکسپوز ہوچکے ۔ مسترد شدہ عناصرکابیانیہ پٹ چکا ہے ۔ان عناصر کی قسمت میں صرف رونا ہی لکھا ہے ۔ ہماری خدمت کی سیاست کے سامنے احتجاجی سیاست دم توڑ چکی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ اوررکن پنجاب اسمبلی سید محمد سبطین رضا نے ملاقات کی۔منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔ہر شہر کی یکساں ترقی کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے ۔موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دوروزہ دورہ پر ساہیوال پہنچ گئے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت کمشنر آفس صوبائی وزرا،ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈر ز کا3گھنٹے طویل اجلاس ہوا، ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدارکوعوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تجاویز کوخود نوٹ کیا اورمسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے ۔ لاہور،چکوال، راجن پور کے بعد دیگر اضلاع کے ڈویلپمنٹ پلان پر کام جاری ہے ۔ دورہ کرنے کا مقصد عوام کے مسائل سے آگاہی اور ارکان اسمبلی سے مشاورت ہے ۔ہر ضلع میں جاکر ڈویلپمنٹ سمیت تمام امور کا خود جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیالوجی بلاک ساڑھے 5ارب کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں 128 بیڈز کا کارڈیالوجی بلاک بنے گا۔ ٹیچنگ ہسپتال کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا۔ساہیوال کوموٹر وے سے منسلک کرنے کی تجویزکا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیچہ وطنی،کمالیہ رجانہ روڈ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ زیر غور ہے ۔چیچہ وطنی میں انڈسٹریل سٹیٹ بنانے کا منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا۔ارکان اسمبلی وٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ساہیوال کو ترجیح دینے پر عثمان بزدار قابل تحسین ہیں۔