لاہور (رانا محمد عظیم )اپوزیشن جماعتوں نے کورونا وائرس پر بھی سیاست شروع کر دی ،حکومتی اقدامات کو ناکام بنانے اور حکومت کیخلاف عوام میں نفرت پیدا کرنے اور اپنے حق میں کرنے کیلئے کام شروع ہو گیا۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے مسلم لیگ ن، جمعیت علما اسلام (ف)، اے این پی ،محمود خان اچکزئی گروپ میں یہ معاملات طے ہو چکے کہ بظاہر کورونا وائرس کے حوالے سے بھرپور کام کرنے کا کہا جائے گا اورساتھ ہی کارکنوں اور ذمہ داران کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ راشن، کٹس تقسیم کرنے جہاں بھی جائیں وہاں عوام میں حکومتی اقدامات کے خلاف نفرت پھیلائیں اور شو کیا جائے کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی۔اس ضمن میں ٹریڈرز اور ٹریڈ یونین کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آ نے والے دنوں میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ٹریڈرز اور ٹریڈ یونینسٹ کھل کر حکومت کے خلاف میدان میں ا ٓ جائیں گے اور کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدا مات کی مخالفت کی جائے گی۔ کئی جگہوں پر حکومتی ٹیموں کو نشانہ بنانے کی بھی پلاننگ ہو چکی تا کہ لاء اینڈ آ رڈر کی صورتحال خراب ہو۔ اپوزیشن جماعتیں ڈاکٹرز میں بھی کٹس کی تقسیم کے دوران حکومت کے خلاف پراپیگنڈہ کر رہی ہیں۔پچھلے دنوں شہباز شریف نے جو ٹریڈرز، ڈاکٹرز اور دیگر مکتبہ فکر کے افراد سے ویڈیو لنک کے ذریعے جو میٹنگز کیں ان میں کورونا سے زیادہ حکومت کے خلاف باتیں کی گئیں،چنددنوں میں اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف میدا ن لگائیں گی اور عام آ دمی کو اس میں استعمال کیا جائے گا،پیپلزپا رٹی ابھی تک اپوزیشن پلان کا حصہ بننے کیلئے تیار نہیں ہے ۔