لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما محسن عزیز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا رویہ بدقسمتی سے غلط ہے جس کی وجہ سے سینٹ میں ما حول ٹھیک نہیں ،نیب نے حکومتی ارکان پر بھی ہاتھ ڈالا ہے ۔چینل92نیوز کے پروگرام ’’ جواب چاہئے ‘‘میں میزبان ڈاکٹردانش سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج احتساب کے نتیجہ میں دو ،تین ممالک میں 700ارب روپے کا انکشاف ہواہے ۔ ہمارا یقین ہے کہ احتساب ہوناچاہئے ، اس وقت نیب کوختم یا اسکے پائوں کاٹنا غلط ہوگا کیونکہ وہ آج خودمختار ادارہ کے طورپرکام کر رہاہے ۔سینٹ میں بلوچستان کے معاملہ پر بات ہورہی تھی لیکن اپوزیشن نے ماحول کو خراب کیا ۔ سابق حکومت نے انتہائی مہنگے توانائی کے کارخانے لگائے جن کو اگلے تیس سال کیلئے لاک کردیاگیا جوبہت بڑا ظلم ہے ۔چلو ماضی میں جو ہوا ، اس کوچھوڑیں، اب چارٹر آف اکانومی پر بات ہونی چاہئے ۔ ایس پی کی شہادت پر سیاست نہ کی جائے ۔ سوات میں آپریشن پیپلزپارٹی نہیں، پاک فوج نے کیا تھا۔سابق صدر مملکت وسیم سجاد نے کہا کہ عوام کو اپنے نمائندوں سے بہت توقعات ہوتی ہیں ،لہٰذا پارلیمنٹ میں ذاتی حملے بند کئے جائیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں حکومتی بنچوں پر بہت زیادہ ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت ابھی تک کنٹینر پرہے ، بعض وزرا غلط بات کرتے ہیں جس سے ماحول خراب ہوتا ہے ۔ ن لیگ غلطی کا اعتراف کرچکی ہے کہ نیب قوانین میں ترمیم نہیں کی اوراسے ٹھیک نہیں کیا۔ن لیگ کے بندے تو پکڑے جارہے ہیں لیکن کیا نیب پی ٹی آئی کے بندوں کو بھی پکڑتا ہے ؟۔پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ حکومت نے سو روز میں کچھ نہیں کیا، پہلے 100 دن صرف ناکامی اور بے شرمی میں گزریں تو کیا توقع کی جاسکتی ہے ؟۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے مودی کے سامنے منت سماجت سمیت عالمی سطح پر ملک کی کرپشن کے حوالے سے بدنامی کی۔ ایس پی طاہر کوجس بے دردی سے اغوا کے بعد قتل کیا گیا اس سے کیا حکومت کی رٹ نظر آتی ہے ؟ ، لٹھ بردار کے سامنے یہ حکومت کہاں تھی؟۔ احتساب اور سیاسی انتقام میں بہت باریک لائن ہوتی ہے ، جہانگیر ترین بے نامی اکائونٹس کے بانی ہیں، علیم خان اوروزیراعظم کی بہن علیمہ خان سے دبئی میں رکھی جانیوالی جائیداد کے بارے میں کیوں نہیں پوچھاجاتا؟۔ ہمارے وزیر دفاع پرویز خٹک ، زلفی بخاری خود نیب میں مطلوب ہیں، پھریہ کیسے کہتے ہیں ہم ٹھیک ہیں؟۔ اگر ان کو پتہ ہے کہ آصف زرداری کے اکائونٹس ہیں تو جائیں اورپکڑیں انہیں کون روکتا ہے ؟۔ حکومتی عہدیدار اوروزرا نیب کے ترجمان کیوں بنے ہوئے ہیں؟۔