لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما عمر چیمہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے ہی خطاب میں کہا کہ ہم کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنائیں گے ،میں سمجھتاہوں کہ اپوزیشن ماضی کے تجربے سے سبق سیکھے اور نیب کے قوانین میں بہتری لانے کیلئے حکومت سے تعاون کرے ،ریحان ہاشمی نے کہاہے کہ الطا ف حسین کے آئندہ ہفتے ریڈوارنٹ جاری ہونے کاامکان ہے ۔92 نیوز کے پروگرام ’’دی لاسٹ آور‘‘ میں میزبان مہرین سبطین سے گفتگوکرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر چیمہ نے کہاکہ علیم خان گرفتار ہوئے تو انہوں نے فوری طورپر استعفی دیا لیکن آغا سراج درا نی ابھی عہدے سے چمٹے ہوئے ہیں۔زراعت کے حوالے سے اگرجہانگیر ترین نے کا بینہ کو بریفنگ دی تو اس میں کیا حرج ہے ۔ایڈیٹر سائوتھ ریحان ہاشمی نے کہاکہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑا کردار اداکیا ہے ۔ جو چیزیں برطانیہ کو بھیجی گئی ہیں وہ آٹھ والیم پرمشتمل ہیں ان کو رینجرز نے بڑی محنت سے تیار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے الطاف حسین کی واپسی کیلئے کام تیزکردیاہے اورامکان ہے کہ آئندہ ہفتے میں ان کے ریڈوارنٹ جاری ہوجائیں گے ۔رہنما پاک سرزمین پارٹی آصف حسنین نے کہا کہ الطاف حسین نے تو پلوامہ واقعہ کے موقع پر کہا تھاکہ مرنے والے تمام بھارتی شہید ہیں۔ مجبوری یہ ہے کہ برطانیہ میں بھارتی لابیز کام کررہی ہیں وہ مستقل بنیادوں پر الطاف کو تحفظ دے رہی ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ علیم خان کا بڑا سنجیدہ معاملہ ہے ، جہانگیر ترین نے آج کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی جو ایک انتہائی مضحکہ خیزہے ۔نیب کا حکومتی عہدے داروں کے ساتھ رویہ الگ ہے جبکہ اپوزیشن کے ساتھ کچھ اور ہے ۔تجزیہ کار رائو خالد نے کہا کہ اگرجج نے بھی کچھ نہیں کہا تو بابراعوان کو چاہئے تھا کہ وہ انہیں شٹ اپ کال دیتے ۔ خواجہ آصف اورنوید قمر اس وقت اپوزیشن میں ہیں وہ بابر اعوان کے خلاف کس طرح آتے ہیں وہ سب کے سامنے ہے ۔ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ وہ کسی کوڈیل اورڈھیل نہیں دینگے انہیں اس پر کھڑا رہناچاہئے ۔