اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے شاید تہیہ کر رکھا ہے کہ ایوان کی کارروائی کو نہیں چلنے دینا۔ وقفہ سوالات کے دوران بعض اپوزیشن ارکان کے سوالات کے جواب میں احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دو سینیٹر ماحول کو مسلسل خراب کررہے ہیں، انہیں چیئر کی طرف سے متنبہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے ایوان کو نہیں چلنے دینا تو ہمیں بتا دیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ ڈیٹ لمیٹیشن ایکٹ کے تحت قرضوں کے مقررہ حد سے زیادہ حصول کو روکنے کیلئے نظام کو مزید سخت کرنا چاہئے ۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ ملک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں حفاظتی خصوصیات کو بہتر بنانا ضروری ہے ۔ ریگولیٹری فریم ورک کے حوالے سے اقدامات کیلئے آٹو ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت یو این ای سی ای، ایس ڈبلیو پی 29 ریگولیشنز کو اختیار کیا گیا ہے اور کابینہ سے سمری منظور ہو گئی ہے ۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے پہلے 9 ماہ میں 35 ارب روپے سے زائد قرضے لئے ۔ معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں،پہلی سہ ماہی میں ہمارا پرائمری بیلنس سرپلس ہوا ہے ۔روپے کی قدر میں کمی سے جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ۔ مالیاتی خسارے میں کمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔سینٹ میں دستور (ترمیمی) بل 2019ئکے مختلف آرٹیکلز میں ترمیم سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی گئی۔ اس ضمن میں سینیٹر جاوید عباسی کی تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ایوان میں خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن کی رپورٹ پربحث کے دوران ارکان نے کہا کہ خواتین کے حقوق کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے لیکن ہمارے ملک میں خواتین کیلئے کام کرنے والی این جی اوز شہروں میں بیٹھ کر اپنی رپورٹس تیار کرلیتی ہیں۔سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ صنفی مساوات پربین الاقوامی میں پاکستان 153 ممالک میں سے 151 ویں نمبر پر ہے ۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا ٹاک شو میں بوٹ لانے کا معاملہ سینٹ پہنچ گیا، سینیٹر کلثوم پروین نے کہاکہ ٹاک شو میں بوٹ لا کر رکھا گیا، جاوید عباسی اور قمر زمان کائرہ کی تذلیل کی گئی، ارکان نے کہا کہ کیا ہم تمام لوگ ٹاک شو میں جانا چھوڑ دیں؟ کیا دو ہفتے کی پابندی بہت ہے ؟ یہ بوٹ میرے بچوں اور بھائیوں کا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ادارے کو ووٹ دیا تھا بوٹ کو نہیں۔ اجلاس کے دور ان پینل آف چیئر نے لیگی سینیٹرپیرصابرشاہ کو گوشوارے جمع نہ کرانے کے پاداش رکنیت معطل ہونے پر تقریرکرنے سے روک دیا گیا۔ ایوان بالا کے قواعد میں ترمیم سے متعلق رپورٹ،انسداد دہشت گردی اتھارٹی (ترمیمی) بل 2019ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی ۔ایوان بالا کا اجلاس پیر کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔