اسلام آباد، پشاور ،کراچی (نیوزایجنسیاں )اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے تیل کی قیمتوں میں اضافہ وزیراعظم اوراوگرا کی ملی بھگت ہے ، ملک چلانا اس نااہل اور نالائق ٹولے کے بس کی بات نہیں ۔ اب حکومت بتائے پٹرول کی مد میں پیسے کیا وزیراعظم کے جیب میں جا رہے ؟تباہی سرکار آئی ایم ایف کیساتھ ملکرہر روزمنی بجٹ پیش کر رہی ۔ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا پٹرول قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے عوام معاشی بدحالی کا شکار ہونگے ،عمران خان اینڈ کمپنی ملک اور عوام کیلئے ناقابل برداشت بوجھ بن گئے ۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عیارانہ اضافہ کرتی ہے ، حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ،خدارا عوام کے غیض و غضب سے بچیں اور اضافہ فی الفور واپس لیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے اسے ظلم و زیادتی قرار دیدیا ۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنگوں ہو چکی اور اسے مہنگائی کے مارے عوام کی بے بسی کا کوئی احساس نہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا حکومت اضافہ فوری واپس لے اور دیگر اشیا ئے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم کی جائیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ مرکزی صدر اسفندیارولی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا پٹرول قیمتوں میں اضافہ بدترین ظلم اور زیادتی ہے ۔عیدالاضحیٰ سے پہلے تبدیلی سرکار کی جانب سے عوام کو یہ تحفہ دیا گیا۔موجودہ نااہل حکومت عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کررہی، ہر شعبے کا بیڑا غرق کرنے کے بعدبھی عوام پر آئے روز معاشی بم گرائے جارہے ، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ لاہور(اپنے رپورٹر سے ،92نیوزرپورٹ) عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرپھٹ پڑے ۔ روزنامہ 92نیوز کے سروے کے دوران شہریوں کا کہنا تھا حکومت خزانہ بھرنے کیلئے مہنگائی کر نے کی بجائے اپنے اخراجات کم کر نے کیساتھ کرپشن کا خاتمہ کر کے عوام کو ریلیف دے ۔ قاسم نے کہا حکومت عوام کی توقعات کیخلاف کام کر رہی ہے ، اس سے آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔ مشتاق نے کہا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے دوسری اشیابھی مہنگی ہو جائیں گی، حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔سعید ، حمزہ ، واجد ، منور کا کہنا تھا شدید مہنگائی کے اس دور میں بنیادی ضروریات پوری کر نا مشکل ہو گیا۔ 92نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے شہریوں نے کہاملک میں پہلے ہی کمرتوڑمہنگائی ہے ،پٹرول کی قیمت میں اضافہ مستردکرتے ہیں،غریب آدمی پٹرول کہاں سے افورڈکریگا؟ہرچیزپرپیسے بڑھ جائینگے ،کرایوں میں اضافہ ہوجائیگا،حکومت نے بہت غلط کیا،غربت پہلے ہی بہت زیادہ ہے ،ٹماٹرسے لیکر کپڑ وں تک سب کچھ مہنگاہورہا،حکومت اللہ کی خاطرغریبوں کیساتھ ہمدردی کرے اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے ۔