لاہور،ملتان (خصوصی نمائندہ،سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غیر معمولی صورتحال کے باوجود حکومت پنجاب نے 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف فراہم کیا ہے اوریہ اقدام صوبے میں کاروبار کے فروغ میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔معیشت چلے گی تو روزگار ملے گا اور ٹیکس زیادہ جمع ہوگا۔اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرکے غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی اقدام کیا اوربجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اختیار کرکے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔ بجٹ ماضی کی حکومت کی طرح اعداد و شمار کی جادوگری نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یزمان کے علاقے قصاب مارکیٹ ریلوے روڈپر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر اورڈرائیور پر حملے کے واقعہ کاسخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے حملہ کرنے والے ملزم آصف کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے ملتان کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے کینال روڈ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے ملتان صحافی کالونی کے ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز جاری کردیئے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان جرنلسٹ ہاؤسنگ کالونی کیلئے 5کروڑ40لاکھ روپے کا چیک ڈی جی ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی عباس کو دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فراہم کردہ رقم سے ملتان صحافی کالونی میں ترقیاتی کام ہوں گے ۔الاٹیوں کو گھروں کی تعمیر میں سہولت ہوگی۔534الاٹیوں کو ریلیف ملے گا۔صوبے کے ہر ڈویژن میں صحافی کالونی بنائی جائے گی۔صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو کلب کی لائف ممبر شپ دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کے علاقے میں جہلم ہائی وے کلیام موڑپر ڈپومیں آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور لودھراں کے علاقے جلال پور روڈکوٹلہ پل اور سرگودھاکے علاقے بھیرہ کے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے قصور کے علاقے نفیس کالونی میں 8سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے ر پورٹ طلب کرلی ۔