اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،صباح نیوز،نیٹ نیوز) اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاج کیا اور حکمران جماعت تحریک انصاف کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کر نے اور جلد فیصلہ سنانے کا مطالبہ کیا۔گزشتہ روزاپوزیشن جماعتوں کے رہبر کمیٹی میں شامل ارکان احتجاج کیلئے پیدل ہی الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے پہنچے ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی(ف) کے رہنما اور کنوینررہبر کمیٹی اکرم درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی کے فیصلہ کے تحت الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوئے ہیں۔تحریک انصاف کیخلاف فارن فنڈنگ کیس پانچ سال سے چل رہا ہے مگر تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں،سلیکٹڈ وزیراعظم التوا کیلئے ہائیکورٹ جاتا ہے ، الیکشن کمیشن سے التجا ہے ،اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے ،چیف الیکشن کمشنر اپنی میعادمیں فیصلہ کریں ،عمران خان اس کیس میں چھپ رہے ہیں ۔کیس کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کا گند صاف ہوجائیگا۔ہمیں تو نیب والے ہر روز بلاتے ہیں یہاں التوا کیوں؟ ۔کیس میں تاخیر ملک کیلئے نقصان دہ ہے ۔ ریاست مدینہ کا نام لینے والے احتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں ؟۔فیصلہ آئیگا تو حکومت اور پی ٹی آئی ختم ہو جائیگی۔مسلم لیگ ن کے رہنمااحسن اقبال نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والوں نے عوام کے چندے کیساتھ کھلواڑ کیا، پی ٹی آئی بے قصور ہے تو وہ کیوں درخواست دے رہی ہے کہ مقدمہ کی کارروائی خفیہ رکھی جائے ۔اگلے مہینے چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی کوشش کر رہی ہے کہ الیکشن کمیشن ختم ہو جائے تاکہ مقدمہ کی کارروائی غیر موثر ہو جائے ۔ فارن فنڈنگ کیس کرپشن کی تاریخ کا میگا سکینڈل ہے لیکن پانچ سال سے عمران نیازی اور انکے ساتھی تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے الیکشن کمیشن کے سامنے بے نامی اکاؤنٹ نہیں رکھے ۔پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے ۔ امریکہ، یورپ، بھارت، مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ذاتی اکاؤنٹس میں پیسے اورعطیات آتے تھے ، عمران نیازی اور انکے ساتھی سکینڈل میں ملوث ہیں۔رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے کہا کہ پانچ سال سے مقدمہ زیر التوا ہے ، پی ٹی آئی ہر موقع پر نئی درخواست دے دیتی ہے ۔ انصاف میں تاخیر انصاف کا قتل ہے ، پی ٹی آئی کیخلاف تحقیقات جلد از جلد مکمل کی جائے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہاکہ وزیراعظم جہاں جاتے ہیں کہتے ہیں ہمارے ملک میں بہت کرپشن ہو رہی ہے ، فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد پتا چلے گا کہ کرپٹ کون ہے ۔قبل ازیں پارلیمنٹ ہائوس میں رہبر کمیٹی نے غیر رسمی اجلاس میں فارن فنڈنگ کیس پر اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا۔ کمیٹی نے پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کرانے کیلئے دبا ئوبڑھانے اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا۔