اسلا م آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ،صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مائنس عمران خان کا ارمان پورا نہیں ہو گا وزیر اعظم ملک کو ترقی یافتہ ، خوشحال بنانے میں مصروف عمل ہیں ، اپویشن ان کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی نہ کوئی ایسا بیانیہ جاری کرتی ہے جس سے پاکستان کے مخالفوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ،اپوزیشن کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اوزار اور ہتھیار اگلے چار سال کے لئے اپنے پٹارے میں واپس رکھیں ۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جہاں اپوزیشن کی ذات کو فائدہ پہنچتا ہے تو وہاں وہ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت بھی کرتے ہیں اور پھر اتفاق رائے بھی ہوتا ہے ، شہباز شریف اپنے بھائی کی صحت میں سہولت کاری کیلئے لندن گئے جبکہ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ غریب، عام شہریوں کو اپنے گھر کی چھت کا تحفظ دینے کے لئے پیش رفت تیزی سے جاری ہے ، وزیراعظم کے قوم سے کئے گئے تمام وعدے پورے ہوں گے ،غریب عوام کو اپنا گھر مل کر رہے گا، وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔