پشاور(سٹاف رپورٹر) اپوزیشن جماعتوں نے پی کے 78پر اے این پی کی امیدوار ثمر ہارون بلور کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا نہ کرنے کا اعلان کیاہے جبکہ ضمنی انتخابات میں خالی نشستوں پر مشترکہ امیدوار کا فیصلہ خالی کرنے والی پارٹی یا دوسرے نمبر پر آنیوالے اپوزیشن پارٹی کے امیدوار کے حق میں کیا جائیگا، اس بات کا اعلان اپوزیشن رہنمائوں نے باچا خان مرکز میں اہم اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام ، جے یو آئی کے اکرم خان درانی ، مولانا شجاع الملک ،قومی وطن پارٹی کے طارق خان ، اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین ،سردار حسین بابک، ایمل ولی خان اور دیگر رہنما موجود تھے ،میاں افتخار نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں دھاندلی پر تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں ضمنی الیکشن میں بھی اپوزیشن بھرپور حصہ لے گی اور جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونگے وہاں مشترکہ امیدوار کا فیصلہ گزشتہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر ہو گاجبکہ مشترکہ انتخابی مہم کو چلانے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جس کے ممبران میں جے یو آئی کے مولانا شجاع الملک،قومی وطن پارٹی کے طارق خان، مسلم لیگ کے ڈاکٹر عباداﷲ اور اے این پی کے سردار حسین بابک شامل ہیں۔