سیالکوٹ؍ اسلام آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر؍ خصوصی نیوز رپورٹر؍ نیٹ نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک طرف شاہی جوڑے نے دنیا کو پاکستان کا روشن چہرہ دکھایا تو دوسری طرف مولانا دنیا کو مسلح جتھے دکھا رہے ۔سیالکوٹ میں پریس کانفرس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اعلان کردہ آزادی مارچ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا وزیراعظم کی معاشی پالیسیاں پاکستان میں استحکام لا رہی ہیں، اپوزیشن کے سیاسی یتیم معاشی استحکام کو جام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا مٹھی بھر عناصر اپنی ذات سے جڑا بیانیہ لے کر گھوم رہے ہیں لیکن اگر عوام کے جان و مال کو کوئی خطرہ ہوگا تو ریاست حرکت میں آئے گی اور اپوزیشن کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے ۔انہوں نے کہا اگلے 3 ماہ پاکستان کیلئے اہم ہیں کیونکہ مثبت چہرہ دنیا کو دکھانا ہے ۔ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان بھارتی طیارے گرا کر اپنی صلاحیت منوا چکا ہے ، اس لئے بھارت کو پاکستان کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کا اندازہ ہے ۔