لاہور(جنرل رپورٹر) برطانوی ریسرچر نے لاہور جنرل ہسپتال میں لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ایک مایہ ناز معالج بننے کے لئے ضروری ہے میڈیکل کے طلبا و طالبات تحقیق اورمقالہ نویسی کے شعبہ میں دن رات محنت کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوائیں ۔ دنیا بھر میں میڈیکل کے شعبہ میں کامیابی اور ایکسیلینس حاصل کرنے والے ترقی یافتہ ملکوں نے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر ہمیشہ خصوصی توجہ دی اور میڈیکل سائنس میں جدید رحجانات کوروشناس کرانے کے لئے طبی ماہرین اور ریسرچ سکالرز نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر ،فیکلٹی ممبران ، پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس بھی موجود تھے ۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے برطانوی پروفیسر ڈاکٹر خالد سعید خان کو اپنے ذاتی خرچ پر پاکستان آکر گریجوایٹ و انڈر گریجوایٹ طلباء کو بلامعاوضہ تعلیم و تربیت کی سہولت اور اپنے تجربہ سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ اس نشست کے اختتام پر برطانیہ سے آئے مہمان ڈاکٹر پروفیسر خالد سعید خان کو پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کی طرف سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔