ممبئی(نیٹ نیوز) مودی کی جیت پر جہاں بالی ووڈ ستاروں کی جانب سے مبارکباد دی جارہی ہے وہیں اداکارہ راکھی ساونت نے چڑھتے سورج کو سلام کرنے کے بجائے بی جے پی کو ووٹ دینے اور نریندرمودی کوایک بار پھرالیکشن جتوانے پربھارتی عوام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک تنقیدی ویڈیو جاری کی ہے ۔ویڈیو کی ابتدا میں راکھی ساونت نے پہلے تو مودی کو ووٹ دینے پر طنزیہ لہجے میں کہا ہم سب کے اچھے دن آگئے ، بہت شکریہ مودی جی کو ووٹ کرنے کے لیے ، اب سب کی زندگی اچھی ہوجائے گی، اب ملک میں کوئی کرپشن نہیں ہوگی، کیونکہ مودی جی نے ایک ہی وعدہ کیا تھا کہ نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا۔راکھی ساونت نے مودی کے پچھلے پانچ سالوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی کی پچھلی حکومت اتنی اچھی تھی کہ ملک میں نہ تو اب عورتوں کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے ، نہ کرپشن ہوتی ہے ، نہ چوری ہوتی ہے ، مودی کی حکومت میں ملک سدھرگیا ہے ۔ میں بہت خوش ہوں کہ اب ہمارے اچھے دن آگئے ہیں اب سب کا اچھا روزگارہوگا، سب ترقی کریں گے ۔