کراچی (سٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائزلاڑکانہ نے اربوں مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن کراچی اسمگل کرنیکی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کوگرفتارکرکے ٹرک قبضے میں لے لیا،تفصیلات کے مطابق ایکسائزپولیس کشمورنے انسپکٹرشمس الدین کی قیادت میں کشمورچیک پوسٹ پروردک پیٹرول پمپ کے نزدیک ایک ٹرک نمبرسی 1416 کی تلاشی کے دوران بوریوں میں چھپائی گئی 336کلو اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرلی،پکڑی جانیوالی ہیروئن کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں اربوں روپے بتائی جاتی ہے ،ہیروئن خیبرپختونخوا کے ضلع بونیرسے کراچی سمگل کی جارہی تھی،ایکسائزپولیس نے ایک ملزم ساحل پٹھان کو گرفتارکرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی،صوبائی وزیرایکسائزاینڈ ٹیکسیشن مکیش کمارچاؤلہ،سیکرٹری ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن عبد الرحیم شیخ،ڈائریکٹرجنرلزشبیرشیخ اورشعیب احمد صدیقی نے محکمہ ایکسائزسندھ کو کامیاب کارروائی پرمبارکباد دی اورامید ظاہرکی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے سندھ میں منشیات لانے کی ہرکوشش ناکام بنائیں گے ،انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی مقدارمیں ہیروئن کا پکڑنا محکمہ ایکسائزکی بڑی کامیابی ہے ،مکیش کمارچاؤلہ نے کہا کہ منشیات ایک مہلک زہرہے اورنوجوان نسل میں یہ زہرپھیلانے والے ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں،ہم ان کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے ،علاوہ ازیں مشیراطلاعات بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے بھی محکمہ ایکسائزکو بڑی کارروائی پرمبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ وہ اسی جذبے کیساتھ کام کرتے ہوئے سندھ میں منشیات لانے کی ہرکوشش ناکام بنائیں گے ۔