کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روزاتار چڑھاؤ کے بعد مندی چھاگئی۔کے ایس ای 100 انڈیکس 34 ہزار کی نفسیاتی حدسے گرگیا اور 203.36پوائنٹس کی کمی سے 33804پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ۔ 53.48فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس سے کے ایس ای100انڈیکس 34394پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا ۔بعد ازاں مختصر مدتی سرمایہ کاروں کے منافع کے حصول کیلئے حصص فروخت کے رجحان سے مندی چھاگئی اورانڈیکس33762پوائنٹس کی سطح پر آگیا ،بعد میں معمولی ریکوری آئی تاہم مندی کا رجحان غالب رہا اورانڈیکس 33804پوائنٹس پر بند ہوا ۔دوسری جانب 103.80پوائنٹس کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 14799.86پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس37.45پوائنٹس کمی سے 24245.47پوائنٹس ہو گیا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 344کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 143کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،184میں کمی اور 17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مندی کے باجود مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت64کھرب 29ارب34کروڑ73لاکھ 58ہزار شیئرز سے بڑھ کر64کھرب 38ارب 44کروڑ85لاکھ 97ہزار شیئرزہو گیا ۔دریں اثناعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافے سے مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت2ہزارروپے اضافے سے 97ہزار روپے فی تولہ تولہ ہوگئی۔ 10گرام سونے کی قیمت 1715روپے اضافے سے 83162روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 50روپے اضافے سے 1ہزار50 روپے فی تولہ ہوگئی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید35پیسے اضافے سے 159.95روپے سے بڑھ کر160.30 اور قیمت فروخت 25پیسے اضافے سے 160.25 سے بڑھ کر160.50روپے ہو گئی ۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں قیمت خرید159.50 سے بڑھ کر160 اور قیمت فروخت160 سے بڑھ کر160.50روپے ہوگئی ۔