لاہور،فیصل آباد(نیو زرپورٹر،92 نیوزرپورٹ) لاہور سے کوئٹہ جانے والی ٹرین اکبر بگٹی ایکسپریس کے بعض مسافر وں نے ٹرین کی روانگی نہ ہونے پر احتجاج کیا اور ریلوے ٹریک پر لیٹ گئے اور ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ملنے والے ریک میں بیٹھنے سے انکار کر دیا اور ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔لاہور سے کوئٹہ جانے والے مسافروں نے کئی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد لاہور سے ٹرین کی روانگی نہ ہونے پر احتجاج شروع کر دیا جس کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس کے ریک کو فیصل آباد بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جس پر بعض مسافروں نے سفر کرنے سے انکار کر دیا ۔ ان کا کہناتھا کہ ٹرین کے ساتھ اے سی کلاس نہیں ، انہوں نے اے سی کلاس کی ٹکٹیں خریدی ہوئی ہیں جس پر مسافر احتجاج کرتے ہوئے ٹرین کے آگے لیٹ گے ۔سٹیشن منیجر نے مسافروں سے کامیباب مذاکرا ت کئے اور انہیں فیصل آباد میں لوئر اے سی کلاس کی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد مسافروں کو سمجھوتہ ایکسپریس کے ریک میں فیصل آباد روانہ کیا گیا۔ ادھر فیصل آباد میں اکبرایکسپریس 7گھنٹے کی تاخیرسے مسافروں کو لے کر کوئٹہ روانہ ہوگئی۔