کراچی(این این آئی)اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں، دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے پاکستان پر رپورٹ جاری کردی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ رواں مالی سال میں یہ دوسری بار ہوا ہے ۔اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق رواں سال ترسیلات زر گزشتہ برس سے زائد رہنے کا امکان ہے ، روپے کی قدر میں کمی سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی کرنسی تارکین وطن کے لیے پرکشش ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق گلف ممالک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے ، سعودی عرب سے ترسیلات زر میں 7.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری کھاتوں کے خسارے میں ترسیلات زر سے کمی متوقع نہیں، جاری کھاتے کا خسارہ 18 ارب 30 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے ۔ مالیاتی خسارہ 5.8 فیصد تک ہو جائے گا۔