کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،صباح نیوز،این این آئی)نیپراکی تحقیقاتی ٹیم نے کرنٹ لگنے کے 35 میں سے 19واقعات میں اور بجلی کی طویل بندش پر کراچی الیکٹرک کوذمے دارقراردیاہے ،کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث کرنٹ لگنے سے اموات اور طویل لوڈ شیڈنگ پرنیپرا کی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ اتھارٹی کوجمع کرادی اورنیپرانے کراچی الیکٹرک کمپنی کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہونے والی35اموات میں سے 19افراد کی موت کاذمہ دارکے الیکٹرک کو قراردیاگیاہے ۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ بجلی کے طویل بریک ڈان کی ذمے داربھی کے الیکٹرک ہی ہے ۔نیپراحکام کے مطابق قیمتی جانی نقصان پرکے الیکٹرک کوشوکازنوٹس جاری کردیاگیا ہے اور کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہوگی۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کاکہناہے نیپرا کے ابتدائی نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کیا جائے گا،کے الیکٹرک ارتھنگ کے ساتھ نیٹ ورک پرسیفٹی بریکرز اور دیگر اقدامات بھی کرتاہے ،بارش اور سیلابی صورتحال سے متعلق کے الیکٹرک نے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کیلئے تمام اداروں سے ایمرجنسی نافذکرنے کی اپیل کی تھی،بارش،سیلابی صورتحال اور کھڑے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے بجلی کی تنصیبات متاثر ہوئیں۔